ایس ای سی پی افسران کو چھاپے مارنے اور ریکارڈ قبضے میں لینے کا اختیار مل گیا

ایس ای سی پی افسران کو چھاپے مارنے اور ریکارڈ قبضے میں لینے کا اختیار مل گیا

کراچی ( صباح نیوز)سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان(ایس ای سی پی)افسران کو چھاپے مارنے اور ریکارڈ قبضے میں لینے کا اختیار مل گیا ہے ، افسران ٹھوس شواہد کی بنیاد پر دیوار، کھڑکی اور گاڑی کو بھی توڑ سکیں گے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے ایس ای سی پی کے سیز اینڈ سرچ قوانین 2019 کی منظوری دیتے ہوئے ایس ای سی پی افسران کو چھاپے مارنے کا اختیار دینے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔یہ رولز ایس ای سی پی ایکٹ1997کے سیکشن کے 31کے تحت تشکیل دیے گئے ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کو چھاپے مارنے ، ریکارڈ تحویل میں لینے کا اختیار ہوگا، افسران کو وفاق، صوبائی سطح پر چھاپے مارنے کا اختیار دیا گیا۔جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ایس ای سی پی افسران کو کسی بھی عمارت، دفتر میں جانے اور دستاویزات، لیپ ٹاپ، موبائل، دیگرسامان قبضے میں لینے کا اختیار ہوگا۔افسران ٹھوس شواہد کی بنیاد پر دیوار، کھڑکی اور گاڑی کے شیشے بھی توڑ سکیں گے اور تمام ریکارڈ کو تفتیش کے لیے قبضے میں لے سکتے ہیں۔